جمعہ 9 اکتوبر 2026 - 20:55
تربیتِ اولاد میں غفلت والدین کے لیے دینی آزمائش بن سکتی ہے: مولانا سید ارشد حسین موسوی صفوی

حوزہ/ مولانا سید ارشد حسین موسوی صفوی نے نمازِ جمعہ کے خطبے میں تربیتِ اولاد، حلال رزق اور والدین کی دینی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحیح دینی و اخلاقی تربیت اور انہیں دین پر ثابت قدم رکھنا والدین کے اہم فرائض میں شامل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوفی پورہ، پہلگام/ انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفیٰ بڈگام کے زیر اہتمام صوفی پورہ پہلگام میں نمازِ جمعہ منعقد ہوئی، جس کی امامت و خطابت مولانا سید ارشد حسین موسوی صفوی نے انجام دی۔ انہوں نے خطبۂ جمعہ میں تربیتِ اولاد اور والدین کی دینی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولاد کی صحیح دینی تربیت والدین کی اہم ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں غفلت خاندان میں دینی اقدار کے کمزور ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

اولاد؛ والدین کے لیے آزمائش اور دینی ذمہ داری

مولانا سید ارشد حسین موسوی صفوی نے خطبۂ اول میں سورۂ تغابن کی آیت 14 تلاوت کرتے ہوئے فرمایا: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّ مِنْ أَزْوَاجِكُمْ وَأَوْلَادِكُمْ عَدُوًّا لَكُمْ فَاحْذَرُوهُمْ

ترجمہ: اے ایمان والو! بے شک تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے بعض تمہارے دشمن ہیں، لہٰذا ان سے ہوشیار رہو۔

آیتِ کریمہ کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اولاد بعض اوقات والدین کے لیے دینی آزمائش بن سکتی ہے، خصوصاً جب اس کی صحیح دینی تعلیم و تربیت کا اہتمام نہ کیا جائے۔ والدین خود نیک اور دیندار ہوں، لیکن اگر وہ بچوں کی دینی تربیت سے غفلت برتیں تو ان کے بعد خاندان میں دینی اقدار کمزور پڑ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انبیائے کرام اور ان کے اوصیاء اپنی اولاد کے لیے دعا کرتے تھے کہ وہ آنکھوں کی ٹھنڈک بنے اور دین پر ثابت قدم رہے۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کی دنیاوی کامیابی کے ساتھ اس کی دینی و اخلاقی تربیت کو یکساں اہمیت دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدین بچوں کو ڈاکٹر اور انجینئر بنانے کے لیے بھرپور وسائل صرف کرتے ہیں، لیکن بعض اوقات ان کی دینی تعلیم و تربیت کو نظرانداز کردیا جاتا ہے، حالاں کہ اولاد کی پرورش اور تربیت ایک اہم دینی ذمہ داری ہے۔ قرآنِ مجید بھی اہلِ ایمان کو خود اور اپنے اہل و عیال کو جہنم کی آگ سے بچانے کی تاکید کرتا ہے۔

حلال رزق اور صالح تربیت کی اہمیت

مولانا سید ارشد حسین موسوی صفوی نے تربیتِ اولاد میں حلال رزق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ والدین کو اپنی اولاد کے لیے پاکیزہ اور حلال غذا کا اہتمام کرنا چاہیے، کیونکہ رزقِ حلال انسان کی روحانی و اخلاقی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ حرام رزق کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے تربیتِ اولاد کے سلسلے میں ولایت، سرپرستی اور مناسب کفو کے انتخاب سے متعلق امور کا ذکر کرتے ہوئے والدین کو اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں دینی اصولوں کو ملحوظ رکھنے کی تاکید کی۔

خطیبِ جمعہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر تقویٰ، استقامت اور راہِ خدا میں جدوجہد کی تلقین کی اور عالمِ اسلام کی ترقی، کامیابی اور سربلندی کے لیے دعا فرمائی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha